• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

45 ارب کے پائیدار ترقی اہداف پروگرام، مالی نظم و ضبط اور شفافیت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت 45ارب روپے کے پائیدار ترقی اہداف( SDGs ) کے پروگرام کا جائزہ اجلاس،وزیراعلیٰ سندھ کی مالی نظم و ضبط اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت ،لاگت میں اضافہ یا غیر ضروری ترمیم ہرگز قبول نہیں ہوگی، ، 1082 اسکیمیں شروع کر دی گئیں، 928اسکیمیں منظور، 895کے لئے فنڈز جاری،تفصیلات کے مطابق ہفتہ 18اپریل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 45ارب روپے کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا جس کے تحت 1082اسکیمیں شروع کی گئیں جن میں سے 928منظور ہو چکی ہیں، 895اسکیموں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں، 25.93ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور اب تک 9.72 ارب روپے کے اخراجات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ پہلے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025 -26کے تحت ترقیاتی اسکیموں کے لئے 45ارب روپے مختص کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اس اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور آبپاشی جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ اے ڈی پی اسکیم کے تحت مختص رقم سے SDGs سے ہم آہنگ ترقیاتی اقدامات کی مالی معاونت کی جائے گی جس کا کل تخمینہ پورٹ فولیو 89 ارب روپے سے زیادہ ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ ہر اسکیم کی کل لاگت کا 50فیصد رواں مالی سال کے دوران جاری کیا جائے گا جبکہ بقیہ فنڈز 2026-27 میں مختص کئے جائیں گے، تاکہ دو سال کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔پانی اور صفائی کو ترجیح مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ تمام مجوزہ اسکیموں میں سے کم از کم 50 فیصد پانی کی فراہمی اور سیوریج (WASH سیکٹر) پر مرکوز ہونی چاہئیں، انہوں نے صاف پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی کو حکومت کی "اولین ترجیح" قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید