اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام وساکھی میلہ کی تقریبات پر بھارت سے آئے سکھ یا تریوں کا دورہ مکمل ہوگیا، بھارت سے آئے جتھہ لیڈر سردار سرجیت سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمارے گوردوارے محفوظ اور پہلے سے زیادہ خوبصورت ہیں جبکہ یاتریوں کے لیے رہائش، میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام مختلف مذہبی و ثقافتی سرگرمیاں اختتام پذیر ہو گئیں ۔سکھ یاتریوں نے گوردوارہ سری ڈیرہ صاحب لاہور میں مذہبی عبادات ادا کیں اور خطے میں امن، بھائی چارے اور پاکستان و بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ یاتریوں کے اعزاز حضوری باغ میں کلچر ل میوزیکل پروگرام منعقد کیا گیا جبکہ دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری میں ورلڈ سینٹر برائے پنجابی کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کے ساتھ مذہبی رشتے کو ہر تعلق پر مقدم رکھتا ہے اورپاکستان میں سکھ یاتریوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔