اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد زرعی ترقیاتی بینک کے ریکوری نوٹس کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کو قانوناً ختم قرار دیتے ہوئے حکم امتناع خارج کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع خارج کر دیا، FBR کو اربوں روپے کی ریکوری کا راستہ ہموار ہو گیا، گزشتہ روز جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں قرار دیا گیا کہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس نوعیت کی درخواستیں خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026کی واضح ہدایات کے بعد اب اس معاملے پر مزید سماعت کا اختیار باقی نہیں رہا، لہٰذا رٹ پٹیشن کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق 17 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا عبوری حکم نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے جس کے نتیجے میں زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف ٹیکس ریکوری نوٹس پر دیا گیا حکم امتناع ختم ہو گیا۔