پشاور (اے پی پی)رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں دس عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ چیف کمشنرمحمد علی شہزادہ اور کمشنر ذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن تر جمان کے مطابق باجوڑ سے رحمان شیر نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن سے رجوع کیا جس پرکمیشن نے متعلقہ افسران کو پندرہ دنوں کے اندر اس حوالے سے رپورٹ جمع کروانے کے احکامات جاری کیے۔ اسی طرح پشاور سے حبیب الرحمٰن کی درخواست پر کمیشن نے کمشنر پشاور ڈویژن کو شہریوں کو خود سننے اور مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔ شانگلہ سے حفیظ الحق نے اسلحہ لائسنس کے اجراء میں تاخیر پر کمیشن سے شکایت کی جس پر کمیشن نے حکام کو شہری کا مسئلہ حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ نوشہرہ سے محمد کاشف نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر کمیشن کو درخواست دی اور کہا کہ روزنامچے میں اندراج کے باجود کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔ کمیشن نے ڈی پی او سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ خان خیلہ نامی خاتون نے پشاور سے زمین کی حد براری کیلئے کمیشن کو درخواست دی۔ مذکورہ کیس میں پہلے ہی سے خاتون محتسب کا فیصلہ موجود ہے۔ کمیشن نے شہری کو دوبارہ خاتون محتسب کو درخواست دینے کی ہدایت کی اور حد براری کیلئے خاتون سے مختار نامہ لیکر آر ٹی ایس کمیشن کو درخواست جمع کرنے کے لیے کہا گیا چارسدہ سے ولید خان نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے کمیشن کو شکایت کی تھی۔ کمیشن نے مسلسل تاخیر پر متعلقہ آفیسر کو انکوائری کر کے کمیشن کو آگاہ کرنے کیلئے یاد دہانی نوٹس جاری کر دیا ۔ نوشہرہ سے قاری فیض نے ایف آئی آر میں دفعات کی تبدیلی کیلئے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ کمیشن نے کہا کہ کمیشن کے مینڈیٹ کے مطابق ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ باقی عدالت کا دائرہ اختیار ہے۔ معظم علی نے گاڑی کے رجسٹریشن کے لیے کمیشن سے رجوع کیا۔ کمیشن نے پندرہ دنوں کے اندر مسئلہ حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔