پشاور ( لیڈی رپورٹر )خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں ان کے اہلخانہ نے عیدالفطر اور مسیحی ملازمین نے ایسٹر کی خوشیاں بھی پریشانی میں گزار دیں۔تفصیلات کے مطابق کمزور مالی حالت کے شکار بلدیاتی اداروں کے ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں۔ فنڈز کی عدم فراہمی اور اکاؤنٹ فور سے پنشن کی ادائیگی کی سمری پر اعتراضات کے باعث ادائیگیاں تاحال ممکن نہیں ہو سکیں، جس سے ملازمین اور پنشنرز سخت مشکلات میں مبتلا ہیں۔لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کے رہنماؤں شوکت کیانی، انور کمال خان مروت، محبوب اللہ، سلیمان خان ہوتی اور شوکت علی انجم نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر فنڈز جاری کر کے ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو بلدیاتی ملازمین ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کرینگے۔