• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون ہائوسنگ اسکیم کے رہائشیوں کو گیس فراہم کی جائے، رمضان ملاخیل

کوئٹہ (پ ر) زرغون ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد رمضان ملاخیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک ہی دن میں ایک ارب روپے کی آمدن کے دعوے کے بعد زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو گیس کی فراہمی میں فنڈز کی کمی کا جواز ختم ہو چکا ہے، لہٰذا فوری طور پر رہائشیوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہاؤسنگ اسکیم 2017 میں مکمل ہو چکی تھی، تاہم تقریباً نو سال گزرنے کے باوجود تاحال گیس فراہم نہیں کی جا سکی، جس کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کیو ڈی اے کی جانب سے سیکڑوں الاٹیز کو ریکوری نوٹسز جاری کیے گئے، جن میں اقساط کی تاخیر پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 15 روز کے اندر ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں پلاٹس کی منسوخی کی وارننگ بھی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ادارہ سخت مالی شرائط نافذ کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نو سال سے گیس کی عدم فراہمی کے باعث ایل پی جی پر اٹھنے والے اضافی اخراجات کے پیش نظر کیو ڈی اے متاثرہ رہائشیوں کو ہرجانہ ادا کرے اور فوری طور پر گیس کی فراہمی کا مسئلہ حل کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید