کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے شہید خاتون پولیس اہلکار گل ناز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر فرض کی ادائیگی ، بہادری اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ اور خواتین کے لیے حوصلے ، عزم اور ثابت قدمی کی علامت بنی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں ، شہید گل ناز کی قربانی اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی اسمبلی خواتین کے حقوق کے تحفظ ، ان کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ شہداء کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال اور ان کی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔