کراچی (سید محمد عسکری) ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن کراچی ریجن نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلستانِ جوہر میں درختوں کی مبینہ کٹائی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔گلاب رائے کے آفس آرڈر کے مطابقکمیٹی اپنی رپورٹ تین روز کے اندر ہر صورت جمع کرائے تاکہ معاملے پر بروقت کارروائی کی جا سکے، پیر کو جاری کردہ آفس آرڈر کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ کالج میں درخت کاٹے گئے ہیں۔ ان اطلاعات کی حقیقت جاننے اور معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی، گلاب رائے نے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے کنوینر پرنسپل آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کراچی پروفیسر ناصر اقبال ہوں گے، جبکہ دیگر ارکان میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج سچل گوٹھ کراچی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق راجپر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کراچی حسین فاروق خان شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موقع کا دورہ کرے اور تفصیلی معائنہ کرے، درختوں کی کٹائی سے متعلق خبروں کی صداقت کی تصدیق کرے، متاثرہ درختوں کی تعداد، حالت اور نوعیت کا تعین کرے۔