اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع پر امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا شکریہ اداکیا ہے ۔منگل کو رات گئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہبازشریف کا کہناتھاکہ وہ ذاتی حیثیت میں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں کہ جنہوںنے سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے جنگ بندی میں توسیع کی پاکستانی درخواست کو قبول کیا ہے۔شہبازشریف نے مزیدکہاکہ اعتماد اور بھروسے کی بنیاد پر پاکستان خطے میں جاری اس تنازع کے مذاکرات کی مدد سے حل کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے امیدظاہرکی کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پابندی جاری رکھیں گے اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں ایک جامع امن معاہدہ طے پانے کی طرف بڑھیں گے، جس کا مقصد تنازع کا مستقل خاتمہ ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت سے متعلق ابھی تک ایران کی جانب سے باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا، پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، جنگ بندی کے اختتام سے قبل ایران کا مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ نہایت اہم ہے‘امن مذاکرات میں شرکت کے لئے وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں عطاء اللہ تارڑ نے منگل کو پاکستان کے معیاری وقت ساڑھے 7 بجے تک کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت کے لئے وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ پاکستان بطور ثالث ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سفارت کاری اور مکالمے کی راہ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی 22 اپریل کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 50 منٹ پر ختم ہو رہی ہے اور دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اختتام سے قبل مذاکرات میں شرکت سے متعلق ایران کا فیصلہ نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں اور یہ کوششیں جاری ہیں۔