کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری، صحافی، واشنگٹن ڈی سی ادریس علی اور نمائندہ جیو نیوز اعزاز سید نے کہا ہے کہ ایران کے پاس کوئی آپشن نہیں، دوبارہ جنگ ہوسکتی ہے۔ آخری اطلاعات تک جے ڈی وینس وائٹ ہاؤس جا رہے ہیں جس کے بعد فیصلہ ہو گا وہ اسلام آباد جائیں گے یا نہیں ۔جے ڈی وینس کا وقت متعدد بار چینج ہوا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا کہ عطا تارڑ کی ٹوئٹ سے محسوس ہو رہا ہے جیسے اب محتاط انداز اپنا لیا گیا ہے پہلے جو اعتماد تھا اب وہ نہیں رہا ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ منفی سمت پر صورتحال جارہی ہے۔ ایران کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے دوبارہ جنگ شروع ہوسکتی ہے۔ ایران میں طاقت کے جو مختلف حلقے ہیں ان کے درمیان تقسیم بڑھی ہے اور وہ کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ پار ہے ہیں اور اس ساری صورتحال میں ایران غلط فیصلہ لے سکتا ہے البتہ دو دفعہ وہ غلطی کرچکے ہیں اب شاید غلطی نہ کریں۔ بہرحال انہیں ڈیل تو کرنی ہی ہے۔