• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی تمام پی ایس ڈی پی منصوبوں کی سخت نگرانی کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تمام پی ایس ڈی پی منصوبوں کی سخت نگرانی کی ہدایت ، محکموں کو فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کا حکم، ہر منصوبہ عوام کے لئے حقیقی معاشی اور سماجی فوائد کا باعث بننا چاہئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی عوامی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) 26-2025 کے تحت جاری بڑے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور آئندہ پی ایس ڈی پی 27-2026 کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جس میں سڑکوں کے انفرااسٹرکچر، علاقائی روابط اور معاشی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ فوری طور پر رکاوٹوں کو دور کیا جائے، جن میں یوٹیلیٹی لائنز کی منتقلی، بجلی کے کھمبوں کی منتقلی اور تجاوزات کا خاتمہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یا تکنیکی مسائل کی وجہ سے تاخیر قابل قبول نہیں اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔انہوں نے بالخصوص سوئی گیس پائپ لائنز، بجلی کے انفرااسٹرکچر اور آبی گزرگاہوں کی منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی جو منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید