کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل ʼتیمورʼ کا کامیاب تجربہ کیا، جس کے ذریعے سمندر میں درست نشانہ لگانے اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ فضا سے سمندر پر فائر کئے گئے میزائل نے انتہائی درستی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی سمندر میں درپیش خطرات اور اپنے اہداف کی طویل فاصلے پر نشاندہی کرنے اور فیصلہ کن انداز میں تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی توثیق ہوتی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے میزائل تیمور کی فائرنگ کا مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے۔