اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)سفارتی کامیابیاں بمقابلہ معاشی چیلنجز:اپٹما کا پیٹرولیم لیوی پر نظرثانی کا مطالبہ، تشویش کا اصل مرکز فرنس آئل پر عائد بھاری لیوی؛ صنعتی صارفین کیلئے ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ۔ تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی نے عالمی منظر نامے پر ایک مثبت اور تعمیری کردار کے طور پر اس کے مقام کو بلند کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی تیل کی منڈیاں استحکام کی طرف مائل ہیں، جو پاکستان جیسے ممالک کو اپنی معاشی بحالی اور صنعتی ترقی کو مستحکم کرنے کا ایک ممکنہ موقع فراہم کر رہی ہیں۔ تاہم، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک کے نام ایک خط میں خبردار کیا ہے کہ ان (عالمی) فوائد کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ اندرونی چیلنجز بالخصوص پیٹرولیم لیوی کی وجہ سے توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔