لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی میں پاکستان لرننگ فیسٹیول کا شاندار آغاز۔امن، ماحولیاتی استحکام اور تعلیم تک مساوی رسائی کا پیغام دو روزہ فیسٹیول میں 75 سے زائد سیشنز، ملک بھر سے ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، ادیبوں، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ۔ ڈی جی سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کو ماحولیاتی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے جدید علم ، اخلاقی بنیادوں اور موافق مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ پاپاکستان لرننگ فیسٹیول (پی ایل ایف) کا 98واں ایڈیشن منگل کے روز پاکستان سول سروسز اکیڈمی لاہور میں اس عزم کے ساتھ شروع ہوگیا کہ ملک میں امن، ماحولیاتی پائیداری اور تعلیم تک منصفانہ رسائی کو فروغ دیا جائے۔ دو روزہ فیسٹیول میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، ادیبوں، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے جو پاکستان میں تعلیم کے مستقبل پر سیر حاصل مکالمہ کر رہے ہیں۔ سول سروسز اکیڈمی کے اشتراک سے منعقدہ اس فیسٹیول کے افتتاحی روز شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا اور اکیڈمی کا احاطہ علمی تبادلۂ خیال، تخلیقی سرگرمیوں اور سماجی شعور کے ایک متحرک مرکز میں تبدیل ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور ڈی جی سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ سمیت ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔