کراچی (عبدالماجدبھٹی) اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کے پیروں سے زمین سرکا دی۔ میچ آسانی سے جیت کر پاکستان سپر لیگ پلےآف میں رسائی حاصل کرلی۔ کنگز مین 8 وکٹ کی ہزیمت سے دوچار ہوئی، مختصر ترین میچ 135 گیندوں میں ختم ہوگیا۔ یونائیٹڈ کے رچرڈ گلیسن نے9، شاداب خان 13 اور عماد وسیم نے21 رنز دے کر تین، تین شکار کیے۔ سلمان مرزا کو ایک وکٹ ملی۔ بدترین شکست کے بعد حیدرآباد کا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے، اسے جیت کے ساتھ ساتھ رن ریٹ کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ اس نتیجے کے بعد کوئٹہ کے کوالی فائی کرنے کی ہلکی سے امید ابھی باقی ہے ۔ جمعے کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے میچ 40 گیندوں میں جیت لیا۔ محسن ریاض نے18گیندوں پر42رنز دو چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ سمیر منہاس نے ایک چھکے اورتین چوکوں کی مدد سے27 اور شاداب خان چار رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا۔ ناکام ٹیم 16 اوورز میں 80 پر ڈھیر ہوگئی ۔ یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا بدترین اسکور بن گیا۔ سات بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ عثمان خان 25 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ اس سے قبل ان کا کم ترین اسکور 130 تھا جو لاہور قلندرز کے خلاف کیا تھا۔ اس سال یہ ٹورنامنٹ کا سب سے کم اسکور ہے ۔ پی ایس ایل میں سب سے کم 59 رنز ہے جو قلندرز نے زلمی کے خلاف 2017 بنایا تھا۔