کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان پلے آف کی جنگ جاری ہے، جبکہ کوئٹہ کے لیے بھی ہلکی سی امید باقی ہے۔ پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف میں جگہ بنا چکے ہیں۔ ہفتے کو لاہور میں کوئٹہ اور کراچی کا آخری میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ قلندرز اور کنگز کے لیے فتح لازمی ہے، دونوں نے 9 میں سے4میچ جیتے اور5ہارے ہیں، آخری میچ میں کامیابی کی صورت میں ان کے 10 پوائنٹس ہوجائیں گے۔شام کو دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔ کوئٹہ نے9میچ کھیل کر3جیتے اور6ہارے ہیں۔ اسلام آباد نے حیدرآباد کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کیا ساتھ ہی کوئٹہ کیلئے امید کی کرن جگادی ۔ اس بھاری شکست نے حیدرآباد کنگز مین کے نیٹ رن ریٹ کو منفی1.037تک پہنچا دیا ہے،جس سے قلندرز کو بھی کچھ راحت مل گئی ہے۔لاہور، حیدرآباد اور کراچی کے 8، 8 پوائنٹس ہیں اور چوتھی پوزیشن کیلئے اب صرف جیت ہی کافی نہیں بلکہ نیٹ رن ریٹ بھی فیصلہ کن ہوگا، جہاں حیدرآباد کو یہ فائدہ حاصل ہے کہ وہ لاہور اور کراچی کے نتائج دیکھنے کے بعد میدان میں اتریں گے۔ اگر کوئٹہ کراچی کو، زلمی لاہور کو اور راولپنڈی حیدرآباد کو ہرا دے، تو چار ٹیموں کے8،8پوائنٹس ہو جائیں گے، جس کے بعد پلے آف کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔