ملتان ،ڈیرہ غازیخان،لودھراں (سٹاف رپورٹر،نمائندگان جنگ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین، صوبائی خودمختاری اور 18ویں ترمیم کا تحفظ ناگزیر ہے، جبکہ این ایف سی ایوارڈ صوبوں کا حق ہے جس میں تبدیلی کی کوششیں قابل تشویش ہیں ،وہ سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے،دریں اثنا مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ جامعہ خیرالمدارس ملتان کے مہتمم وشیخ الحدیث مولانا حنیف جالندھری، مجلس احرار اسلام کے امیر سید کفیل شاہ بخار ی اور جے یو آئی کے رہنما وں سے ملاقاتیں کیں ،اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ بد معاشی پر اترا ہوا ہے اس وقت مسلم ممالک میں اتحاد کی سخت ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک معاشی مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے حکومت کی پالیسیوں نے غریب عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے مولانا فضل الرحمان نے جے یو ائی کے کارکنوں کو جمعیت علماء اسلام کو نکلی سطح پر فعال کرنے کی ہدایت کی ہے مولانا فضل الرحمان نے جتوئی میں مولانا یحییٰ عباسی کے بھائی مولانا عبد اللہ کی وفات پر تعزیت کی ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ایک جائز الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں ملک میں ایک ایسا الیکشن ہو جو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرے اور عوام اس سے مطمئن ہوں آج جو حکومت قائم ہے اسے عوام اپنا نمائندہ نہیں سمجھتی مولانا فضل الرحمان نے یہ بات لودھراں میں جمعیت علمائے اسلام لودھراں کے ضلعی امیر مولانا میاں محمد کی وفات پر جامعہ سراج العلوم میں ان کے بیٹوں سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔