کراچی( اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا کراچی کو پیرس جیسا کہناعوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔لیاری کو پیرس بنانے کے دعوے 1970 سے کیے جارہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ لیاری تو پیرس نہ بن سکا بلکہ پورا کراچی لیاری بن گیا،پیپلزپارٹی نے لاڑکانہ کے لیے 90 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا لیکن وہاں کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا آج بھی اس کی وہی حالت ہے۔ اسی طرح لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے نام پر 29 ارب روپے کے اعلان کا بھی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے،ساڑھے تین ہزار ارب کا بجٹ تو حکومت ایک سال میں خرچ کرڈالتی ہے اور لیاری کے 29 ارب کے کاموں کے لئے 4 سال رکھے گئے ہیں پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے ٹیکس کا پیسہ لوٹنے میں مصروف ہے۔