کراچی (نیوز ڈیسک) آگرہ تاج کالونی میں سیوریج کی نکاسی کیلئے لگایا گیا پمپ پھر جل گیا، نورانی مسجد روڈ اور تاج مسجد روڈ کا علاقہ سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا، پانی کی لائنوں میں بھی سیوریج شامل ہوگیا۔ علاقہ مکینوں نے لیاری ٹائون کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیوریج پمپ کو اپ گریڈ کرنے کیساتھ ساتھ اضافی پمپ کی تنصیب بھی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں دوسرا پمپ بروقت استعمال کیا جاسکے۔اہلیان محلہ کا کہنا ہے کہ علاقے سے منتخب پی ٹی آئی کے چیئرمین ہر ماہ 13لاکھ روپے سے زائدفنڈز وصول کررہےہیں تاہم اب تک وہ کوئی بھی خاطر خواہ کام نہیں کرواسکے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پمپ کیلئے جنریٹر بھی موجود ہے تاہم اسے ابھی تک پمپ کیساتھ منسلک نہیں کیا گیا اورکئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے دوران بھی علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔