• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین بس سروس، لنک ڈاؤن کے نام پر مسافروں سے بھتہ خوری

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں گرین بس سروس کی انتظامیہ کی جانب سے آئے روز ’انٹرنیٹ لنک ڈائون‘ کا بہانہ بنا کر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے، جس سے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مالی نقصان کا سامنا ہے۔متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ بس انتظامیہ آئے روز تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا کر کارڈ کے بجائے دستی ٹکٹ کے ذریعے سفر کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کمپنی نے اپنی من مانی کرایہ نامہ نافذ کر رکھا ہے، جسکے تحت کارڈ ہولڈر بھی ایک اسٹاپ کے سفر کا کرایہ بھی 55 روپے وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری ریٹ کے مطابق مختصر فاصلے کا کرایہ صرف 25 روپے مقرر ہے۔ مسافروں نے اسے ’جگا ٹیکس‘ اور ’بھتہ خوری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے اضافی وصول کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔شہریوں کہنا ہے کہ جب سے گرین بس سروس وفاقی حکومت سے سندھ حکومت کے زیر انتظام منتقل ہوئی ہے، اس کی کارکردگی زوال کا شکار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منتقلی کے وقت ہی یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ صوبائی تحویل میں یہ سروس بدانتظامی کا شکار ہو جائے گی، جو آج درست ثابت ہو رہا ہے۔متاثرہ مسافروں نے اعلیٰ حکام اور وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گرین بس انتظامیہ کی اس مبینہ لوٹ مار کا فوری نوٹس لیا جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ نظام کو شفاف بنایا جائے، کارڈ ریڈنگ سسٹم کی خرابیوں کو دور کیا جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید