کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب پل کی ڈھلان کی جانب دو ٹر یلروں کے درمیان رکشا آنے سے اس میں سوار 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، 10 سالہ بچی صبیحہ دختر عرفان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ دیگر زخمیوں میں 30 سالہ جمیلہ زوجہ اللہ رکھا، 35 سالہ حسین ولد حنیف اور 16 سالہ طیبہ دختر عرفان شامل جنہیں عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد مہیا کی جارہی ہے، پولیس کے مطابق سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے پل سے اترتے ہوئے ایک ٹریلر خراب حالت میں کھڑا تھا، تاہم پیچھے سے آنے والے ٹریلر کو وہ نظر نہ آیا اور پیچھے آنے والے ٹریلر نے سڑک پر خراب کھڑے ٹریلر کے قریب اچانک ٹریک تبدیل کیا جس کے نتیجے میں ساتھ گزرنے والا رکشا دونوں ٹریلروں کے درمیان پھنس گیا، واقعے کے بعد پیچھے سے آنے والے ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانہ منتقل کردیا ہے۔