• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 24 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیاگیا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے انسداد اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی زیرِ نگرانی کیے گئے اس آپریشن میں زونل ایس پیز اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا ، آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 867 افراد، 464 گھروں، 35 ہوٹلوں اور 86 دکانوں کی تلاشی لی گئی، اس کے علاوہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف پوائنٹس پر 373 موٹر سائیکلوں اور 125 گاڑیوں کے کاغذات و کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی،کارروائی کے دوران 24 مشکوک افراد اور 27 موٹر سائیکلوں کو مزید قانونی کارروائی اور تصدیق کے لیے متعلقہ تھانہ جات منتقل کر دیا گیا،اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، پولیس حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گرد و نواح میں کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن "پکار 15" پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید