راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ چکلالہ کے علاقہ ڈھوک چوہدریاں میں 13 سالہ بچی کو گھر میں اکیلا پا کر تین اوباش لڑکوں نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور اس کی نازیبا ویڈیوز بھی بنائیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، متاثرہ بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے خاوند کے ہمراہ کام پر گئی اور بیٹی کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر باہر سے تالا لگا گئی واپسی پر دیکھا تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا تھا، سامان بکھرا پڑا تھا جب کہ بیٹی غائب تھی،تلاش کے دوران بیٹی بحریہ ٹاؤن سفاری ون کے قریب تشویش ناک حالت میں ملی، جس نے بتایا کہ وہ گھر میں اکیلی تھی اس دوران رومان، ریحان ظہیر اور ریحان شوکت گھر میں زبردستی گھس آئے،شور مچانے پر رومان نے اس کے منہ پر کپڑا باندھ دیا اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی اس دوران موبائل سے نازیبا ویڈیو بناتے رہے، بعدازاں ملزمان ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر اسے زبردستی ایک سفید رنگ کی گاڑی میں بٹھا کر بحریہ ٹاؤن لے گئے، جہاں ایک راہ گیر نے بچی کو پریشان دیکھ کر ملزمان سے باز پرس کی تو وہ خوفزدہ ہو کر بچی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔