• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر کے انگریزی پرچے میں غلطیوں پر لاڑکانہ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

کراچی(سید محمد عسکری) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاڑکانہ نے ایچ ایس سی سالانہ امتحان 2026کے انگریزی (فرسٹ ایئر) کے پرچے میں غلطیوں کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ 25اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ کے چیئرمین نے ایک سینئر پروفیسر کی جانب سے ویڈیو کلپ کے ذریعے اٹھائے گئے تحفظات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ ریجن کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ پروفیسر ذوالفقار علی ٹنیو (گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوکری) اور پروفیسر امید علی سمتیو (گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ) کو کمیٹی کے ارکان نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انگریزی کے پرچے کا تفصیلی جائزہ لے، ممکنہ غلطیوں اور ابہام کی نشاندہی کرے، ان کی نوعیت اور حد کا تعین کرے اور غفلت یا کوتاہی کی صورت میں ذمہ داران کا تعین کرے۔ اس کے علاوہ اصلاحی اقدامات اور سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی متعلقہ ریکارڈ حاصل کرنے اور پیپر سیٹرز و ماڈریٹرز سمیت متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کرنے کی مجاز ہوگی۔ کمیٹی ضرورت پڑنے پر پروفیسر عبد الواحد چانڈیو سے بھی رائے لے سکتی ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات ورکنگ دنوں کے اندر اپنی مفصل رپورٹ پیش کرے۔ یہ نوٹیفکیشن کنٹرولر امتحانات پروفیسر عبدالجبار جونیجو کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید