نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور بھارت کے باہمی اشتراک سمیت خطے کے بدلتے ہوئے حالات پر ہماری نظر ہے۔ پاکستان آج دفاعی اور سیاسی طور پر مضبوط ہے اور امریکہ، چین، روس، خلیجی ممالک، ایران، مصر اور ترکی کا اعتماد لے کر ثالثی کا رول ادا کررہا ہے۔ نمائندہ جنگ/ جیو سے تفصیلی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاک۔ امریکہ کی تاریخ میں اتار چڑھاؤ اور پاکستان پر امریکی پابندیوں کے مراحل کے ساتھ ساتھ تربیلا اور منگلا ڈیمز کی شکل میں پاک۔ امریکی شخصیات کی ذاتی کیمسٹری اور تعلقات ممالک کے مابین تعلقات اور ڈپلومیسی کی دنیا میں ہمیشہ سے موثر رہی ہے اور آج بھی یہی صورت حال ہے۔رضوان سعید شیخ نے پاکستان کے ہمسایہ چین اور امریکہ سے تعلقات کی تاریخ کے تناظر اور موجودہ عالمی صورت حال کے حوالے سے مختلف سوالات کے جواب میں بتایا کہ آج کی بدلتی ہوئی دنیا کے دونوں عالمی کیمپوں کے درمیان پاکستان رابطے اور ڈائیلاگ کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔