کراچی(سید محمد عسکری) صوبہ سندھ میں وائس چانسلر کے تقرر کیلئے قائم تلاش کمیٹی نے پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین کے وائس چانسلر کے عہدوں کیلئے میرٹ پر تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے چیرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں 16 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جس میں ایک سابق وزیر اعلیٰ سندھ کی صاحبزادی بھی شامل تھیں تاہم 14 امیدواروں نے انٹرویو میں شرکت کی ایک امیدوار غیر حاضر رہا جب کہ ایک امیدوار نے آن لائن انٹرویو دیا۔ تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر اکبر سیال کو پہلے، ڈاکٹر صالح خاصخیلی کو دوسرے اور ڈاکٹر عثمان چاچڑ کو تیسرے نمبر پر رکھا۔ اب یہ تینوں نام محکمہ داخلہ کے توسط سے انٹلیجنس کلیئرنس کے لیے آی ایس آئی اور آئ بی کو بھیجے جائیں گے اور انٹلیجنس کلیئرنس ملنے کے بعد وزیر اعلی سندھ کسی ایک نام انتخاب بطور وائس چانسلر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین دیں گے۔ واضح رہے کہ پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر گلشن میمن کی پہلی مدت ملازمت گزشتہ برس مکمل ہوگئی تھی تاہم ان کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی اور انھیں تاحکم ثانی وائس چانسلر کے عہدے پر برقرار رکھا گیا۔