بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں 1 زخمی شخص کی بیوی سے ایمبولینس پر لگے خون کے نشان دھلوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکام نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 ذمے دار اہلکاروں کو برطرف کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سڑک پر حادثے میں زخمی ہونے والے راہول برمن کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لایا گیا تھا، ایمبولینس میں زخمی کے خون کے دھبے لگ گئے جس پر ڈیوٹی پر موجود طبی معاون موہت کھٹک نے مبینہ طور پر مریض کی بیوی پرمیلا برمن کو گاڑی صاف کرنے کا حکم دیا اور اس سے ایمبولینس دھلوائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وائرل ویڈیو کی صورت میں معاملہ سامنے آنے پر چیف میڈیکل و ہیلتھ افسر راج سنگھ ٹھاکر نے تحقیقات کروائیں اور اس عمل کو قواعد کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایمبولینس سروس چلانے والی کمپنی نے ڈرائیور دیوا ساہو اور طبی معاون موہت کھٹک دونوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اہلکاروں کے سنجیدگی و ذمے داری سے کام کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔