کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر حنین شاہ کے آخری اوور میں کرارے وار ، حیدر آباد کنگز مین کیلئے اسلام آباد کے خلاف حقیقی کنگ بن گئے۔ تین بار کی چیمپئن ٹیم کو میچ کے 20 ویں اوور میں صرف چھ رنز درکار تھے۔ جس کا دفاع کافی مشکل نظرآتا تھا کیونکہ وکٹ پر کرس گرین اور فہیم اشرف موجود تھے، جو اننگز کے19 ویں اوور میں22 رنز لے چکے تھے۔ مگرحنین شاہ نے اگلی چھ گیندوں پر وہ کردکھایا جسے وہ خود بھی شاید کیریئر میں نہ بھلا پائیں۔ انہوں نے ایک وکٹ کے ساتھ اسلام آباد کو چھ رنز سے روک کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں حصہ لینے والی ٹیم کنگز مین کوفائنل میں رسائی دلا دی۔ آخری گیند کے ساتھ ہی میدان میں خوشی حیرت اور جشن کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ فاتح ٹیم کا سپورٹ اسٹاف اور باقی پلیئرز میدان میں پہنچ گئے اور ہیرو حنین شاہ کو کاندھوں پر اٹھالیا۔ حنین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فائنل میں مقابلہ اتوار کو پشاور زلمی کے ساتھ ہوگا۔ جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں سپر لیگ گیارہ کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد کنگزمین نے 5 وکٹ پر 186 رنز اسکور کیے۔ جواب میں ناکام ٹیم سات وکٹ پر184رنز بناسکی، حیدر آباد کی جانب سے عثمان خان نے 31 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کے اسکور میں دس چوکے شامل تھے ، کپتان مارنوس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے27 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے، کوشال پریرا نے 37رنز کی اننگز کھیلی۔ معاذ صداقت کوئی رن نہ بناسکے۔ عثمان خان اور کشال پریرا کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے101 رنز کی شراکت ہوئی۔ اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے2 ،کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ جواب میں اسلام آباد کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں ہوا اور صرف15رنز پر سمیر مہناس 6 اور محسن ریاض 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ڈیوون کانوے نے25 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے30 اور کپتان شاداب خان نے 22 رنز اسکور کئے۔ مارک چیپ مین نے26 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے43 رنز اسکور کئے، حیدر علی نے16گیندوں پردو چوکوں اور دو چھکوں سے سجئے جارحانہ31رنز اسکور کئے، فہیم اشرف نے11 گیندوں کا سامنا کیا اور دو چھکوں کی مدد سے19 رنز بنائے، کرس گرین 9 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے21 اور عماد وسیم ایک رن پر ناٹ آوٹ گئے، 19 ویں اووز میں محمد علی نے 22 رنز دیے تو میچ کنگز مین کے ہاتھوں سے یقینی طور پر نکل گیا تھا، محمد علی نے44رنز کے عوض دو وکٹ لئے، حنین شاہ نے37 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، عاکف جاوید، صائم ایوب، حسان خان نے ایک ایک شکار کیا۔ میچ کے بعد حنین شاہ نے کہا کہ سوچ کر گیا تھا کہ آخری اوور میں ہدف نہیں بننے دوں گا جس میں کامیاب رہا۔ حیدر آباد نے آخری 8 میچوں میں سے سات میں کام یابی حاصل کی ۔ ہر میچ میں نیا کھلاڑی مین آف دی میچ رہا، ہمارا کمبی نیشن بنتا چلا گیا ، اب نظریں ٹرافی پر ہیں۔