واشنگٹن (نیوز ڈیسک)صدر ٹرمپ کی پھر یورپی اتحادیوں پر شدید تنقید، اٹلی و اسپین سے فوج نکالنے کی دھمکی ،امریکی صدر کا کہنا تھا یہ ممالک ہرمز میں فوجی کارروائیوں کی حمایت سے انکار کر کے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہے، نیٹو اتحاد میں اختلافات مزید نمایاں ہوگئے جو مغرب کیلئے نیا چیلنج ہے ،ایک روز قبل ٹرمپ نے جرمنی کو بھی امریکی فوج میں کمی کی دھمکی دی تھی۔ گارڈین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹلی اور اسپین سے امریکی فوج واپس بلانے کی دھمکی دیتے ہوئے یورپی اتحادیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ ممالک آبنائے ہرمز میں فوجی کارروائیوں کی حمایت سے انکار کر کے امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ اس سے ایک روز قبل انہوں نے جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، جس کی ایک وجہ جرمن چانسلر فریڈرک مرز کا بیان بتایا جا رہا ہے۔ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے واضح کیا کہ ان کا ملک بین الاقوامی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہی اتحادیوں سے تعاون کرے گا، جبکہ اٹلی نے بھی امریکا کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔ اٹلی کے وزیر دفاع گویڈو کروسیٹو نے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بحری سلامتی کیلئے تعاون پر تیار ہے۔