کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کے سب کیمپس آواران کے قیام کے حوالے سے پی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈیولپمنٹ،زاہد سلیم، لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، سیکریٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، صالح محمد بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈاکٹر جمیل احمد بلوچ سابق ڈی سی آواران،لسبیلہ یونیورسٹی کے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر یاسر علی بزدار،جوائنٹ چیف اکنا مسٹ نادر نصیر، چیف سیکشن میڈم شازیہ نورین سمیت لسبیلہ یونیورسٹی سب کیمپس آواران کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت اللہ بلوچ نے شرکت کی۔اجلاس میں منصوبے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کی افادیت،ضروریات اور مستقبل کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی ون باقاعدہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔لسبیلہ یونیورسٹی سب کیمپس کے قیام سے علاقے کے طلبہ کو اپنے ہی ضلع میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گی جس سے نہ صرف تعلیمی شرح میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشی اور سماجی ترقی کے نئے در بھی کھلیں گے۔ کیمپس کے قیام اور پی سی ون کی منظوری پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی ،صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی , رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد سلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعلیم دوست پالیسیوں کو سراہا۔ ضلع اواران میں سب کیمپس کی منظوری کے لیے رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ کی خصوصی دلچسپی اور کاوشیں قابل ستائش ہیں۔