کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شکریہ لاہور ۔اتوار کی شب محسن نقوی نے کہا کہ فائنل میچ میں شائقین کرکٹ نے کمال نظم و ضبط اور زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ شائقین کرکٹ کا قذافی اسٹیڈیم میں جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ زندہ دلان لاہور کی کرکٹ سے محبت دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ شائقین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کو دل کھول کر داد دی اور کھیل کو بھرپورانجوائے کیا۔ لاہور کے شہریوں نے ثابت کر دیا کہ وہ کرکٹ کے کھیل سے والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان سپر لیگ گیارہ کے فائنل سے قبل رنگا رنگ اور پر وقار تقریب ہوئی جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔سروں کا جادو اور آتش بازی کی چکاچوند نے سماں باندھ دیا۔میچ سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا، ہر جانب پاکستانی پرچم دکھائی دیئے۔میچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور فرنچائز مالکان بھی موجود تھے۔فنکاروں کی پرفارمنس پرتماشائی جھوم اُٹھے اور آتش بازی میں لاہور کی فضاوں میںرنگ و نور کے سیلاب میں دکھائی دیا۔اتوار کی شام قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب نے پی ایس ایل 11 کو یادگار بنا دیا۔شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی اور اسٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی ایسا لگ رہا تھا کہ لاہور میں ہر کسی کی منزل فیروز پور روڈ اورگلبرگ میں موجود قذافی اسٹیڈیم ہے۔ایشین بریڈ مین ظہیر عباس ،سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیرپی ایس ایل ٹرافی اسٹیج پر لے کر آئے اور پھر ٹرافی ایروبکس کا مظاہرہ کرتی خاتون نے وسیم اکرم کو دی۔ملک کے نامور گلوکار عاطف اسلم ، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ تو شائقین ان کی پرفارمنس پر جھوم اٹھے۔رنگارنگ تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔تمام آٹھ ٹیموں کی آفیشل سانگ بھی سنائے گئے۔20منٹ کی تقریب میں تماشائیوں نے بھر پور تفریح فراہم کی۔گراؤنڈ میں زیادہ تر تماشائی بابر اعظم کی پشاور زلمی کو سپورٹ کررہے تھے اس لئے ہر طرف پیلا رنگ نمایاں تھا لیکن پہلی بار فائنل میں آنے والی حیدرآباد کنگز مین کی سپورٹ بھی کم نہ تھی۔گراؤنڈ میں ہو جمالو کی نعرے گونجتے رہے