• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، بابر اعظم کی شاندار مہم ٹرافی کے ساتھ ختم ، ذاتی ریکارڈ نہ بناسکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور زلمی کے کپتان بابرا عظم کی سپر لیگ میں مہم شاندار انداز ٹرافی جیت کر ختم ہوئی ، البتہ وہ ذاتی ریکارڈ نہ بناسکے۔ پاکستان سپر لیگ فائنل سے پہلے بابر اعظم نے10 میچوں میں اب تک 84 کی اوسط سے 588 رنز دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، لیکن وہ فائنل میں اپنی پہلی ہی گیند پر گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے۔ اور نیا نئے سنگ میل کو عبور کرنے میں ناکام رہے، حیدر آباد کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے سے وہ لیگ کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی نہ بن سکے جس کے لئے انہیں ایک رن کی ضرورت تھی۔ ان کی اوسط 73.5 اور اسٹرائیک ریٹ 146 رہا۔بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں 60 چوکے اور 15 چھکے لگائے اور یہ ان کا پی ایس ایل کی ایک ایڈیشن میں بہترین اسٹرائیک ریٹ بھی ہے۔ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ انہوں نے ایک سیزن میں 550 سے زائد رنز بنائے، اس سے قبل وہ 2021 اور 2024 میں بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔بابر پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسرے ایسے بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی سیزن میں دو سنچریاں اسکور کیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز عثمان خان حاصل کر چکے تھے۔ اسلام آباد کے خلاف کوالیفائر میچ میں انہوں نے 103 رنز بناکر ایک پی ایس ایل سیزن میں سب سے زیادہ 588 رنز بنانے کا فخرزمان کا ریکارڈ برابر کر دیا تھا۔ لاہور قلندرز کے اوپنر نے 2022 میں 13 اننگز میں 588 رنز بنائے تھے۔سفیان مقیم نے23رنز دے کر ایک وکٹ لی اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ22وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ مائیک ہیسن اور پشاور زلمی کے کوچ اوٹس گبسن کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کا کام کرنے کا انداز مختلف ہے۔ قومی سلیکٹر اور پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں جب آپ گیند کو زور سے مارنا شروع کرتے ہیں تو عام طور پر ایک بیٹر جو گیند کا اچھا ٹائمر ہے تو وہ اپنا ردھم کھونے لگتا ہے۔ جب ایسا بیٹر زوردار شاٹ مارنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کا اگلا کندھا کچھ دیر بعد کھلتا ہے، جس کی وجہ سے آپ آف سائیڈ، لیگ سائیڈ یا سیدھا مارتے وقت زیادہ طاقت حاصل نہیں کر پاتے۔ بابر اعظم کے ساتھ یہی مسئلہ ہو رہا تھا۔ بابر کو بس یہی ایڈجسٹمنٹ کروائی کہ جب وہ اسپنرز کے خلاف کھیلتے ہیں تو ان کا فرنٹ فٹ کچھ زیادہ آگے چلا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہ لیفٹ آرم اسپنر کو کراس کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا دیتے تھے۔ اب بابر اعظم اپنی یہ غلطیاں ٹھیک کر رہے ہیں ۔ زلمی کو انفینیٹی ٹرافی اور دس لاکھ ڈالرز کا انعام ملا۔ ٹرافی کی تیاری میں پہلی بار گولڈ، سلور اور قیمتی اسٹونز (ایمریٹس اسٹون) کا امتزاج استعمال کیا گیا ۔