کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ کے فائنل میں سری لنکا کے کوشل پریرا متنازع انداز میں رن آؤٹ قرار دیئے گئے جس پر حیدرآباد کپتان مارنوس لیبوشین نے احتجاج کیا لیکن گراؤنڈ میں موجود امپائروں کرس گیفنی اور احسن رضا نے ٹی وی امپائر کی مدد سے انہیں آؤٹ قرار دیا۔ بریسویل نے کوشل کو رن آؤٹ کیا۔ بیٹسمین کا خیال تھا کہ زلمی کے بولر ناہید رانا نے انہیں جان بوجھ کر روکنے کی کوشش کی لیکن ری پلے کے مطابق ناہید، نادانستہ طور پر کوشل کو دیکھے بغیر بھاگے۔ لیبوشین ٹی وی امپائر کے پاس بھی گئے لیکن امپائروں نے فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوشل پریرا رن لینے کے لیے نکلے، اسی دوران بولر ناہید رانا نان اسٹرائیکر اینڈ کی جانب بڑھتے ہوئے ان کے راستے میں آ گئے۔ ٹکراؤ سے بچنے کی کوشش میں پریرا کو اپنی لائن تبدیل کرنا پڑی اور انہوں نے مکمل ڈائیو لگا کر کریز تک پہنچنے کی کوشش کی، تاہم پہنچ نہ سکے۔ آن فیلڈ امپائر کرس گیفنی نے معاملہ تھرڈ امپائر کے سپرد کیا ۔ اس دوران میدان میں موجود کھلاڑیوں، خصوصاً بابر اعظم اور مائیکل بریسویل نے بھی امپائرز سے بات چیت کی۔ بالآخر تھرڈ امپائر نے رن آؤٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جس پر کوشل پریرا شدید برہم دکھائی دیے۔