میہڑ(نامہ نگار)10کروڑ سے زائد مالیت کی 12ہزار سرکاری گندم کی بوریاں اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہو گئی ۔ محکمہ خوراک اور حساس اداروں کی کارروائی، بوریاں برآمد کر کے10افراد کو گرفتار کرلیا۔ 4ملزمان کیخلاف سرکاری گندم کی بوریاں خورد برد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج،چھاپے کے دوران ملز میں بھگدڑ مچ گئی تفصیلات کے مطابق میہڑ میں گاجی کھاوڑ روڈ پر قائم چانڈیہ رائس مل پر محکمہ خوراک دادو کے افسران اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مارکر رادھن فوڈ سینٹر سے غائب ہونے والی12ہزار گندم کی بوریاں اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ کارروائی کے دوران ٹرکوں میں اسمگلنگ کی جانے والی گندم کی 12ہزار بوریاں برآمد کرکے تحویل میں لی گئیں ۔گندم کی قیمت 10کروڑ 56لاکھ بتائی جاتی ہے۔ چھا پے کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 10افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر دلشاد سومرو نے میہڑ تھانہ اے سیکشن پر فوڈ سینٹر بٹ سرائی اور رادہن سینٹر کے انچارج فوڈ انسپکٹر محمد حسن دل، انچارج سلیم دل، مجید مگسی مل مالک احمد چانڈیو کیخلاف ملی بھگت سے گندم کی سرکاری12ہزار بوریاں خورد برد کرنے کے الزام میں مقدمہ کرایا گیا جبکہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔