کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحافت پر کسی بھی قسم کی پابندی یا قدغن کے خلاف ہےعالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر پیغام میں صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادیٔ صحافت جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی آزادی کا احترام سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے صحافی سماج کا فخر ہیں، جبکہ آزاد صحافت کے بغیر شفاف سماج کا قیام ممکن نہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں کے تحفظ کے لئےپروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے دورانِ فرض اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔