اسلام آباد ( نیوزر پورٹر)ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ سعودی وزارتِ صحت کے قوانین اور طے شدہ معیار کے تحت ایک لاکھ19ہزار پاکستانی عازمین کو صحت کی مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکہ اور مدینہ میں مرحلہ وار 35 جدید کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان حج مشن آفس کے قریب العزیزیہ میں گنجائش کی کمی کو دور کرتے ہوئے نئے اور وسیع مرکزی کلینک کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ عازمین کو ایک ہی چھت تلے تمام طبی شعبہ جات میسر آ سکیں۔اس مربوط نظام کے تحت ہر کلینک کے ساتھ 3 سے 4 ایمبولینسز ہمہ وقت الرٹ رکھی گئی ہیں، جبکہ جرمن ہسپتال کے تکنیکی اہلکار اور سپروائزرز کی تعیناتی کے ذریعے علاج کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ نئے قائم ہونے والے پاکستان حج میڈیکل مشن کے مرکزی کلینک کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ڈی جی حج نے کلینک کے مردانہ و زنانہ او پی ڈی، فارمیسی، ڈینٹل یونٹ، الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے اور فزیو تھراپی سمیت تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ علاج عازمین سے براہِ راست فراہم کردہ سہولیات بارے استفسار کیا، جس پر عازمین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔