کراچی (نیوز ڈیسک) لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ لندن کے یہودیوں کو خوف کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، یہودی شہری عدم تحفظ کا شکار، ہم ان کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ گارڈین کے مطابق مئیر صادق خان کا کہنا ہے برطانیہ میں یہودی کمیونٹی کو حالیہ برسوں میں بڑھتی ہوئی یہود مخالف نفرت اور حملوں کی وجہ سے شدید خوف کا سامنا ہے، جس کی تازہ مثال گولڈرز گرین میں ہونے والا مبینہ دہشت گرد حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی شہری اپنی روزمرہ زندگی میں عدم تحفظ محسوس کر رہے ہیں اور حکومت و پولیس کی جانب سے سکیورٹی اقدامات بڑھانے کے باوجود مزید مستقل اور مضبوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ صادق خان کے مطابق لندن میں پولیس کی اضافی تعیناتی، نفرت انگیز جرائم کے خلاف سخت کارروائی، اور کمیونٹی سطح پر آگاہی پروگراموں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ انتہاپسندی اور نفرت کے رجحانات کو روکا جا سکے۔