کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین امریکا سے طے پانے والے معاہدے کی مکمل پاسداری نہیں کر رہی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے امریکا درآمد کی جانے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین امریکا کے ساتھ طے شدہ تجارتی معاہدوں کی مکمل پابندی نہیں کر رہی، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ ہفتے سے یورپی یونین کی گاڑیوں پر محصولات میں نمایاں اضافہ نافذ کر دیا جائے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر یورپی یونین کی کمپنیاں امریکا کے اندر گاڑیاں اور ٹرک تیار کریں تو ان پر کسی قسم کا ٹیرف عائد نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکا میں آٹوموبائل اور ٹرک سازی کے کئی نئے کارخانے زیرِ تعمیر ہیں۔