کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گلشن اقبال بلاک 6 میں دن دیہاڑے گھر میں ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے، مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت ڈکیتی کی دفعہ کے تحت گلشن اقبال تھانے میں درج کر لیا گیا ہے،متاثرہ شہری کے مطابق مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور سونا، زیورات، قیمتی سامان اور 40 لاکھ روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے، ملزمان نے بچے کو نیند سے اٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اہلیہ کو بھی تشدد کے بعد کمرے میں باندھ دیا ، شہری کے مطابق گھر واپسی پر اہلخانہ بندھے ہوئے ملے،متاثرہ خاندان نے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی ہیں جن میں ایک مشکوک گاڑی کو بھی دیکھا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس کے حوالے کردی ہیں ،کئی گھنٹوں بعد بھی پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔