کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)قونصل جنرل سنجیوا پٹویلا نے کہا ہے کہ پاک سری لنکا تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان نے1996کے کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی بہت حوصلہ افزائی کی، دوطرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کے فروغ کے موضوع پرمقامی ہوٹل میں اہم تقریب کا انعقاد، تقریب میں سلطنت عمان، ملائیشیا، ترکیہ، عراق اور کویت کے قونصل جنرلز نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کے فروغ کے موضوع پرمقامی ہوٹل میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام ڈپلومیٹک فورم فارسوشیو اکنامک فاؤنڈیشن اور سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی (SEZMC) کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سری لنکا کے قونصل جنرل ہز ایکسیلینسی سنجیوا پٹویلا نے اپنے خطاب میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط، انتہائی دوستانہ، اسٹریٹیجک اور تعمیری ہیں، جن کی بنیاد ثقافتی، دفاعی اور تجارتی تعاون پر ہے۔ تقریب میں سلطنت عمان، ملائشیا، ترکیہ، عراق اور کویت کے قونصل جنرلز نے بھی شرکت کی، جس سے تقریب کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ہوا۔