• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی کے 26 بونیر شالئی میں کمیونٹی حجروں کا افتتاح

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے حلقہ نیابت پی کے 26بونیر کے علاقے پرشالئی میں تین مختلف مقامات پر کمیونٹی حجروں کے قیام کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔یہ عوامی فلاحی منصوبے صوبائی وزیر کے ترقیاتی فنڈ سے مکمل کیے گئے ہیں۔افتتاحی تقریبات میں صوبائی وزیر سید فخر جہان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ مقامی عمائدین و مشران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر ان عوامی مراکز کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان کے بھائی اور ضلعی رہنما احمد خان، بخراد خان، وقارالملک خان، قیصر علی ایڈووکیٹ، ارشاد عالم سمیت تحریک انصاف کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ کمیونٹی حجرے ہماری ثقافت اور سماجی ہم آہنگی کا اہم حصہ ہیں جہاں عوامی مسائل کے حل، مشاورت اور باہمی روابط کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایسے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے جو براہِ راست عوام کو سہولت فراہم کریں اور مقامی سطح پر سماجی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں۔مقامی مشران نے صوبائی وزیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید فخر جہان علاقے کی تاریخ میں پہلے رکن اسمبلی ہیں جو حلقہ پی کے 26 کے ہر گاؤں کی یکساں ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے ان عوامی و روایتی ثقافتی منصوبوں پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
پشاور سے مزید