• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھ میں صاف پانی کا منصوبہ اور مختلف یونین کونسلز میں ترقیاتی کام تیز

پشاور(این این آئی)کوہاٹ کے علاقہ بڑھ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اہم منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے جو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان اور ایم این اے شہریار آفریدی کے فنڈز سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا مقصد علاقے کے عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنا اور صحت مند معاشرے کا قیام ہے۔ ماضی میں بڑھ کے مکینوں کو پانی کی قلت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا رہا تاہم جاری منصوبے سے توقع ہے کہ جلد ہر گھر تک صاف اور محفوظ پانی کی رسائی ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی آئے گی بلکہ خواتین اور بچوں کو بھی روزمرہ پانی کے حصول میں درپیش مشکلات سے نجات ملے گی۔ علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کے سلسلے کو مزید وسعت دیتے ہوئے شفیع جان کی ٹیم نے یوسی نصرت خیل، یوسی شیر کوٹ اور یوسی استرزئی میں بھی پی سی سی سڑکوں اور جنازگاہوں کے منصوبوں کا معائنہ کیا جہاں جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے ان منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے مخلص قیادت کی عملی خدمت کا مظہر قرار دیا ہے۔ پورے حلقہ میں ترقی کا سفر جاری ہے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے علاقے کے بہتر مستقبل کی امید روشن ہو گئی ہے۔
پشاور سے مزید