پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے ارمڑ میں قتل، بھتہ خوری ودیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں 3 بھائیوں ودیگرملزموں پر مشتمل گینگ کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران انکے غیرقانونی تعمیرات ومورچے مسمار کردیئے گئے ،تینوں بھائی تھانہ ارمڑ پولیس کو 7مقدمات میں مطلوب ہیں جو آپریشن سے قبل ہی فرار ہوچکے تھے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز قبضہ مافیا، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل، شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کےخلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں ۔ پولیس نے شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے ، بھتہ خوری ، قتل ، اقدام قتل اوردیگر جرائم میں ملوث گینگ کےخلاف آپریشن کیا۔ملزموں پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں کے گندم کی فصل اور میوہ جات کے باغات زبردستی کاٹے اور جائیداد مالک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں جن میں ملزمان نوشاد ، اسرار اور سیار پسران زرشاد اور نثارساکنان ارمڑ شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران ان کے غیر قانونی مورچے اور تعمیرات مسمار کر دیئے گئے تاہم ملزم گینگ گرفتار نہ ہوسکا ۔پولیس ریکارڈکے مطابق ملزمان کیخلاف 2012سے اب تک تھانہ ارمڑ میں قتل، بھتہ طلب کرنے، جائیداد پر قبضے،اقدام قتل سمیت 7مقدمات درج ہیں۔