• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاہدہ یا جنگ، فیصلہ جلد، ایران ڈیل کرے یا بمباری کا سامنا، ٹرمپ، امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، جلد پاکستان کو آگاہ کریں گے، تہران

تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) امریکی میڈیا کے مطابق ایران جنگ کے خاتمے کیلئے 14نکاتی فارمولاتیار کرلیاگیاہےاور فریقین معاہدے پر اتفاق رائے کے قریب ہیں ‘تہران یورینیم کی افزودگی روکنے جبکہ واشنگٹن ایرانی اثاثے بحال کرنے پر رضامند ہوگیا ہے ۔امریکا ایران ڈیل کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل 100ڈالر فی بیرل سے نیچے گرگیاجبکہ اسٹاک مارکیٹوں میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ‘ واشنگٹن نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پرآبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانے کیلئے جاری آپریشن ’’پروجیکٹ فریڈم ‘‘کو مختصر مدت کیلئے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہےجبکہ صدرٹرمپ نے کہاہے کہ وہ اگلے ہفتے دورہ چین سے قبل معاہدے تک پہنچنے کے حوالے سے پرامید ہیں‘گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہماری بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے‘ تہران کے ساتھ جنگ ختم اور معاہدہ ہونے کا بہت اچھا امکان ہے تاہم انہوں نے ایران کو الٹی میٹم جاری کیا ہے کہ وہ جنگ ختم کرنے کیلئے معاہدے کو قبول کرے ورنہ پہلے سے زیادہ شدید بمباری کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائے‘ایران کا افزودہ یورینیم حاصل کریں گے ‘دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کاکہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے اوروہ ثالث پاکستان کو اپنے مؤقف سے آگاہ کر دے گا‘ایران کی 14 نکاتی تجویز پر امریکی نقطہ نظر کے حوالے سے تہران کا جواب ابھی تک پاکستان کو نہیں پہنچایا گیاجبکہ ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کاکہنا ہے کہ واشنگٹن ناکہ بندی سمیت مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے تہران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کو مثبت جبکہ بیجنگ نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے فریقین پر زوردیاکہ وہ آبی گزرگاہ کو کھول دیں ۔عراقچی نے کہاکہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات میں ایران صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدہ ہی قبول کرے گا‘ہم اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری کوشش کریں گےجبکہ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو‘ اردن کے شاہ عبداللہ دوم ودیگررہنماؤں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان کو فون کرکے شہریوں اور تنصیبات پر ایرانی حملوں کی مذمت کی ہے‘اس کے علاوہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کا ملک ایران کے معاملے میں ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے اس امید کا اظہار کیاہے کہ ہرمز سے متعلق فریقین عالمی برادری کی اپیلوں کو جلد سنیں گے‘امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امید ہے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے چین ایران پر اثر و رسوخ استعمال کرے گا ۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے خلیج اور خلیج عمان میں موجود بحری جہازوں کے کپتانوں اور مالکان کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے ایرانی قواعد و ضوابط کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران تعاون کیا‘پاسداران کی بحریہ کاکہنا ہے کہ جارحیت پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے خاتمے اور نئے طریقہ کار کی روشنی میں آبنائے ہرمز سے محفوظ اور مستحکم آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔سینٹ کام کے مطابق امریکی فوج نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنےو الے ایرانی آئل ٹینکرکو فائرنگ کا نشانہ بنایاہے ۔

اہم خبریں سے مزید