اسلام آباد (عاصم جاوید) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں بہت سے ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو چاہتے ہیں کہ پارٹی کمزور ہو اور اس کی تضحیک ہو،پارٹی کو کمزور کرنے کیلئے افواہیں اڑائی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی فنڈنگ کیلئے نیا نظام وضع کیا ہے جس کے تحت ہر ارکان پارلیمان کو سرکار کی جانب سے ملنے والی تنخواہ سے 50 ہزار روپے پارٹی فنڈ میں جمع کرانے کا کہا گیا ہے، مگر بہت سے ارکان پارلیمان عمل نہیں کر رہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز کو 5 لاکھ سے زائد تنخواہ مل رہی ہے، پارٹی فنڈ میں پیسے نہیں دے رہے،وقت آگیا عمران سے یکجہتی کیلئے عدالت نہ آنیوالے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کے نام سامنے لائے جائیں۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کہیں پر معاملات طے ہونے کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں، سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ اگر کہیں بات چیت ہو رہی ہے تو میں نہیں جانتا۔