کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ماضی کو بھول کر بنگلہ دیش سے سیریز کیلئے تیار اور چیلنج کے منتظر ہیں۔ ہدف ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ کھلاڑی پی ایس ایل کے دوران بھی ٹیسٹ کرکٹ کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ کسی بھی ٹیم کو اس کی اپنی ہوم کنڈیشنز میں ہرانا مشکل چیلنج ہوتا ہے ۔ میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ فوکس ٹیسٹ کرکٹ پر کرنا ہوگا۔ طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ ہمارے لیے بڑا لمبا سیزن شروع ہورہا ہے،امید ہے کہ کنڈیشنز اچھی ہوں گی اور ہم بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔ ہر ٹیم اپنی کنڈیشنز میں سخت ہوتی ہے، لیکن دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ آپ نے اپنی تیاری کیا کی ہے۔ ہم صرف اس ٹیسٹ سیریز کو نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا سو فیصد ٹارگٹ فائنل کھیلنا ہے اور اس کے لے ہم نے بہترین کرکٹ کھیلنا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ وکٹ جیسی بھی ہوگی، بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ گرین وکٹ پر محمد عباس اور خرم شہزاد بہت مددگار ثابت ہوں گے۔ ہیڈ کوچ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نےسرفراز احمدکی کپتانی میں کرکٹ کھیلنا شروع کی، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس کھلاڑی کو کب اور کیسے استعمال کرنا ہے۔ سرفراز احمد کا بھی یہی پیغام ہے کہ ہمیں اپنی ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر کرنا ہے۔ آگے طویل سیزن آ رہا ہے اور امید ہے کہ ہم کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ بنگلہ دیش کے پاس شان ٹیٹ جیسا بہترین بولنگ فاسٹ بولنگ کوچ ہے اور بنگلہ دیشی بولرز کی فارم بھی اچھی ہے، لیکن امید کرتا ہوں یہ ہمارے خلاف اچھی کارکردگی نہ دکھائیں۔ پاکستانی ٹیم فی الوقت ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی مجموعی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ ہمیں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنی چاہیے تھی، تاہم اب تمام تر توجہ ٹیسٹ فارمیٹ کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ اگر ہماری ٹیسٹ کرکٹ اچھی ہوگی تو اس کے مثبت اثرات ون ڈے کرکٹ پر بھی پڑیں گے۔ بولنگ یونٹ میں ہمارے پاس محمد عباس اور خرم شہزاد جیسے بہترین بولرز موجود ہیں۔