کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی حکومت نے امتیازی رویہ نہ بدلا۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ کھیل نے اس حوالے سے تمام فیڈریشنز اور متعلقہ اداروں کو سرکلر جاری کر دیا ہے۔اس کے تحت بھارتی ٹیمیں پاکستان میں دوطرفہ مقابلوں میں شرکت نہیں کریں گی اور نہ ہی پاکستانی ٹیموں کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم بین الاقوامی اسپورٹس باڈیز کے اصولوں اور اپنے کھلاڑیوں کے مفادات کے پیش نظر کثیرالجہتی مقابلوں میں، جہاں پاکستان کی ٹیم یا کھلاڑی شریک ہوں، بھارتی ٹیموں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔اسی طرح بھارت میں ہونے والے عالمی یا کثیرالجہتی ایونٹس میں پاکستانی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو بھی شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ یہ پابندی گزشتہ سال عائد کی گئی تھی۔وزارتِ کھیل نے واضح کیا ہے کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے بین الاقوامی ایونٹس میں مداخلت نہیں کی جائے گی، جبکہ بھارت میں مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔