کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدف شمس اور گل فیروزہ کی سنچریوں کی بدولت پاکستانی خواتین نے زمبابوے کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل206رنزکے ریکارڈ مارجن سے جیت کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ یہ ویمن ون ڈے کی تاریخ میں پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ 343رنز کے جواب میں ناکام ٹیم137رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ پاکستان نے پہلا ون ڈے168رنز سے جیتا تھا۔ تیسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ بدھ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پاکستان نےچار وکٹ پر343رنز بنائے۔ اوپنر صدف شمس نے112گیندوں پر101رنز ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ گل فیروزہ نے95گیندوں پر سنچری13چوکوں کی مدد سے بنائی۔ دو کیچ بھی لئے۔ وہ پلئیر آف میچ قرار پائیں۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر189رنز بنائے۔ سدرہ امین نے58گیندوں پر59ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ فاطمہ ثناء نے25اور عالیہ ریاض نے14 گیندوں پر27رنز اسکور کئے۔ جواب میں ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء نے پاکستان کو9 رنز پر دو کامیابیاں دلوادیں۔ فاطمہ نے تین، رامین اور عروب شاہ نے دو دو شکار کیے۔