کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے الٹیما ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح کیا، جو صوبے میں تشخیصی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ایک جدید سہولت کے طور پر قائم کی گئی ہے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید تشخیصی نظام صحت کے نتائج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ درست اور بروقت ٹیسٹ نتائج مؤثر علاج اور بہتر مریض نگہداشت کے لئے ناگزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ کا استقبال صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، الٹیما لیب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، ڈاکٹر امتل لطیف، سیکرٹری صحت طاہر سانگی اور دیگر نے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ عوامی صحت کی کوششوں میں معاونت اور تکمیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔