کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے 37ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی، گورننس کو مضبوط بنانے، مالی استحکام کو یقینی بنانے اور تعلیمی معیار کو فروغ دینے کے لئے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے شفاف اور میرٹ پر مبنی اسکالرشپ اور مالی معاونت کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے نئے اراکین پروفیسر سعید قریشی اور ایم پی اے سہراب خان سرکی کا خیرمقدم کیا اور 36ویں سنڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کے ساتھ ساتھ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے 27ویں اجلاس کی توثیق کی۔ اہم مالی فیصلوں میں فنڈز کی سرمایہ کاری، آئی ایم ای-جے ایس ایم یو کے ایم ایچ پی ای پروگرام کی فیس میں نظرثانی، مالی سال 2026–27 کے لئے جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب کے ٹیسٹ ریٹس کی اپڈیٹ، اور آفس آف پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے قیام کی منظوری شامل تھی۔ اندرونی کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لئے ‘ڈائریکٹر آڈٹ’ کے عہدے کا نام تبدیل کر کے ‘ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ’ رکھا گیا۔